ہمیشہ کے لیے کسی بھی ویب سائیٹ کی بولتی بند کریں
رواں سال کے آغاز سے گوگل نے اپنے مشہور زمانہ ویب براؤزرکروم کے لیے اپڈیٹس کا آغاز کیا تھا جو نت نئی خصوصیات کی حامل ہیں، جن میں ایسی ویب سائٹس کو مستقل طور پر خاموش کرنے کی صلاحیت بھی ہے جہاں آپ جب بھی جائیں، کوئی نہ کوئی وڈیو، یا آڈیو، خود بخود چل پڑتی ہے اور دماغ خراب کرتی ہے۔
عام طور پر گوگل کروم اپڈیٹس میں بگ فکس کیے جاتے ہیں یا پھر سکیورٹی کے حوالے سے دیگر ضروری بہتریاں ہوتی ہیں یعنی ہمیں اپنی روزمرہ براؤزنگ میں شاید ہی کبھی کوئی فرق محسوس ہوتا ہو۔ لیکن اب کروم ایسی واضح خصوصیات کے اضافے کررہا ہے جن میں سے ایک یہ بھی ہے۔
کروم صارفین اب کسی بھی ٹیب پر رائٹ کلک کرکے “Mute Site” پر کلک کرکے یقینی بنا سکتے ہیں کہ اب یہ سائٹ ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی ہے۔ آپ ایڈریس بار کے انتہائی بائیں جانب آخر میں موجود پیڈلاک پر کلک کرکے نیچے "Sound” میں جاکر اور "Block” کو بھی منتخب کر سکتے ہیں۔ تجربے کے دوران پایا گیا کہ سائٹ incognito موڈ میں بھی کھولی جائے تو اس کی آواز بند ہی رہتی ہے جس کا مطلب صرف کیشے کلین کرنے سے ہی سائٹ کے بارے میں کروم کی یادداشت ختم ہوگی، ورنہ اس کی بولتی بند ہی رہے گی۔ ہاں! اگر آپ درمیان میں اس ویب سائٹ سے آواز سننا چاہتے ہیں تو آپ ٹیب پر رائٹ کلک کرکے "Unmute site” کر سکتے ہیں۔
ماضی میں "Mute tab” ایک عارضی حل تھا یعنی کہ جب تک ٹیب کھلا ہوا ہے تب تک تو ایسا ہوتا تھا لیکن جیسے ہی آپ دوبارہ ویب سائٹ پر جائیں، یہ ایک مرتبہ پھر تنگ کرنا شروع ہو جاتی تھی۔ یوں صارف کو ہر مرتبہ سائٹ کو mute کرنا پڑتا تھا۔
ویسے تو کروم خودکار طور پر اپڈیٹ ہوتا ہے لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو جلدی سے کروم اپڈیٹ کریں اور اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔