موبائل بیٹری کو چارج کرنے کا درست طریقہ




موبائل بیٹری کو چارج کرنے کا درست طریقہ

اکثر لوگ رات کو سوتے وقت موبائل فونز کو چارج پر لگا کر سو جاتے ہیں۔ تا کہ صبح ہونے تک یہ مکمل طور پر چارج ہو اور بقیہ سارا دن کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نا کرنا پڑے۔ لیکن تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ موبائل کی بیٹری کو پائیدار اور دیرپا رکھنے کے لیے یہ طریقہ درست نہیں۔

اگر آپ اپنے موبائل کی بیٹری لمبے عرصے تک کارآمد بنانا چاہتے ہیں۔ تو آئندہ سے بیٹری درج ذیل طریقوں سے چارج کریں۔

واضح رہے کہ یہ طریقہ ہائے کار راقم الحروف کی جانب سے وضع نہیں کیے گئے۔ بلکہ کوڈیکس نامی کمپنی کی جانب سے مصدقہ طور پر سند یافتہ ہیں۔ جو کہ اسمارٹ فونز کی بیٹریوں کی ٹیسٹنگ کے لیے مختلف آلات بناتی ہے۔ اور "بیٹری یونیورسٹی” کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی چلاتی ہے۔

اس کمپنی کی جانب سے اسمارٹ فونز بیٹریوں کو دیرپا رکھنے کے لیے چارجنگ کے حوالے سے مختلف تجاویز دی گئیں ہیں۔ جو کہ درج ذیل ہیں۔

بیٹری کو ایک دفعہ کی بجائے اکثر و پیشتر چارج کریں

بظاہر تو یہ بہت عجیب لگتا ہے لیکن ماہرین نے تجویز کیا ہے کہ موبائل کو ایک ہی وقت میں مکمل چارج کرنے کی بجائے مختلف اوقات میں تھوڑا تھوڑا چارج کرنا چاہیے۔ اس سے بیٹری لمبے عرصے تک کے لیے قابل استعمال رہتی ہے۔ آپ اپنے موبائل کو پندرہ بیس فی صد چارج کرنے کے بعد استعمال کریں تو اس سے بیٹری کی صحت کو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ جزوی چارج، بیٹری کو نارمل وقت سے زیادہ عرصے تک کے لیے کارآمد رکھتا ہے۔ اس لیے بجائے اس کے کہ آپ بیٹری کو ایک بار چارج پر لگا کر مکمل ہونے کا انتظار کریں آپ اسے دس سے بیس فی صد یا پھر جتنا اس سیشن میں آپ کی ضرورت ہے اتنے تک چارج کریں اور استعمال کریں۔

بیٹری کو کبھی خالی نا ہونے دیں

عموماً یہ خیال کیا جاتا ہے کہ موبائل بیٹری کو چارج کرنے سے پہلے ایک دفعہ مکمل طور پر ڈسچارج کر لینا چاہیے۔ جو کہ درست نہیں۔ کیونکہ تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ بیٹری کو کسری کمی تک یعنی بہت ہی کم چارج تک ڈسچارج کرنے سے اس کی استعداد میں بھی کمی آتی ہے۔ اور بیٹری بہت جلد اپنی میعاد پوری کر جاتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ اپنے موبائل کی بیٹری کو سرخ انتباہ تک نا آنے دیں اور اسے اکثر و پیشتر چارج کرتے رہا کریں۔

بیٹری چارج کو 65 فی صد سے 75 فی صد کے درمیان رکھیں
جس طرح ہموار رفتار آپ کی گاڑی کے انجن کو دیرپا بناتی ہے۔ ایک مخصوص دباؤ تک گیس زیادہ عرصے تک کے لیے جلتی ہے۔ بالکل اسی طرح موبائل بیٹری پاور کو بھی 65 سے 75 فی صد تک کے درمیان رکھنے سے بیٹری بہت دیر تک کارآمد رہتی ہے۔ آپ اسے یوں سمجھ لیں جیسے یہ بیٹری پاور کا "منطقہ شیریں” ہے۔ جتنی زیادہ دیر آپ اسے اس زون میں رکھیں گے اتنے ہی زیادہ عرصے تک یہ کارآمد رہے گی۔
بیٹری کو مکمل چارج کبھی نا کریں
ہو سکتا ہے آپ یہ پڑھ کر چونک جائیں۔ لیکن یہ بات حتمی طور پر طے شدہ ہے کہ بیٹری کو 100 فی صد تک چارج رکھنا فائدے کی بجائے الٹا نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ کیونکہ جدید لیتھیم آئن بیٹریاں مکمل طور پر چارج ہونے کے لیے نہیں بنائی جاتیں۔ نا ہی انہیں اس کی ضرورت ہوتی ہے۔ بلکہ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ مکمل طور پر چارج کرنے سے بیٹری پر ہائی وولٹ چارج کا دباؤ پڑتا ہے جو کہ اس کی پائیداری پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ اس لیے آپ اپنے موبائل کے چارج کو ہر ممکن حد تک اس کے منطقہ شیریں میں رکھیں۔
بیٹری فل ہونے پر چارجر اتارنے کی ضرورت نہیں

اگر آپ درجہ بالا نقطہ سے اتفاق نہیں کرتے اور اپنے موبائل کو 100 فی صد ہی چارج رکھنا چاہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ 100 فی صد چارج کے بعد موبائل سے لگے چارجر کو اتارنا ضروری نہیں ہے۔ کیونکہ بیٹری کے مکمل طور پر چارج ہونے کے بعد چارجر خودکار طریقے سے بند ہو جاتا ہے۔ اس لیے اگر آپ بہرصورت 100 فی صد چارج کرنا چاہتے ہیں تو اپنے موبائل کو بے فکر ہو کر رات کو چارج پر لگا کر سو سکتے ہیں۔ بیٹری کے اوورچارج ہونے کا کوئی خدشہ نہیں۔
Share:

No comments:

Post a Comment