یہ طریقہ کار اپنائیں اور جعلی ایپس سے جان چھڑائیں

گوگل پلے سے "اصل” اور متعلقہ ایپ خصوصاً کاروباری مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی ایپس کو ڈاؤنلوڈ کرنا ایک درد سر سے کم نہیں ہوتا۔ اکثر صارفین ملتے جلتے ناموں اور ڈاؤن لوڈز کی جعلی تعداد کے دھوکے میں آ کر غیر متعلقہ اور جعلی ایپس ڈاؤنلوڈ کر بیٹھتے ہیں۔
عام طور پر جب آپ گوگل پلے سے کوئی ایپ تلاش کرتے ہیں تو اس ایپ کے نام کے ساتھ تصویر اور اس کے بنانے والے یعنی ڈویلپر کا نام بھی ظاہر ہوتا ہے۔ یہاں پر جعلی ڈویلپرز اپنے نام اور ایپ کے نام کے ساتھ ساتھ تصویر بھی اصلی ایپ کے ہوبہو رکھتے ہیں۔ بعض اوقات ڈویلپرز اپنے نام کی بجائے 100 ملین ڈاؤنلوڈز، 5,000,000,000+ ، اور Installs 1,00,000 وغیرہ جیسے ٹیگ لگاتے ہیں جس سے صارفین جھانسے میں آ جاتے ہیں کہ وہ کوئی معروف ایپ ڈاؤنلوڈ کر رہے ہیں۔ جبکہ حقیقتاً ایسا نہیں ہوتا۔
ڈاؤنلوڈ تعداد کے علاوہ جعلی ڈویلپرز کی جانب سے ایپ کے نام کے ساتھ مختلف الفاظ مثلاً Verified applications, Trusted Developers App وغیرہ نتھی کر دیے جاتے ہیں۔ جو کہ بہت بڑا دھوکہ ہوتا ہے۔ بات یہیں پر ختم نہیں ہوتی کچھ ڈویلپرز اپنے نام کے ساتھ مشہور "نیلے مارک” کے نشان کو بھی استعمال کرتے ہیں جو کہ سوشل میڈیا پر تصدیق یا سند یافتہ اکاؤنٹ ہونے کی نشانی ہوتا ہے۔ لیکن گوگل پلے پر ایسی کوئی نشانی مقرر نہیں کی گئی۔ لیکن صارف بڑی آسانی سے اس پھندے میں آ جاتا ہے۔
یہ جعلی ایپس ڈاؤنلوڈ ہونے کے بعد صارف کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ البتہ کاروباری اور پیشہ ور افراد باآسانی درج ذیل ہدایات کو ذہن میں رکھ کر ایسی جعلی ایپس سے بچ سکتے ہیں اور درست ایپ کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
1. ڈاؤنلوڈ کی اصلی تعداد دیکھنے کے لیے ایپ کے صفحہ پر نیچے درج "اضافی معلومات” سیکشن کو دیکھیے۔ یہاں پر اس ایپ کی درست ڈاؤنلوڈ تعداد درج کی جاتی ہے۔ اور اسے دیکھ کر آپ باآسانی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہ ایپ اصلی ہے یا نقلی
2. گوگل پلے میں "نیلے نشان” کا کوئی تصور نہیں ہے۔ اس لیے اپنے آپ کو تصدیق یافتہ ظاہر کرنے والے ایسے اکاؤنٹس سے دھوکہ مت کھائیں۔ البتہ گوگل کی جانب سے Editors Choice کا بیج ضرور استعمال کیا جاتا ہے۔ جو کہ پیج کے اوپری دائیں کونے میں ظاہر ہوتا ہے۔
3. صارفین کے ردعمل کو User Review سیکشن میں ضرور دیکھیں۔اور چند کمٹس کا تفصیلی معائنہ کریں۔ اگر کسی صارف نے اس جعلی ایپ کو ڈاؤنلوڈ کیا ہوا تو وہ باقیوں کو ضرور خبردار کرے گا۔
4. اور آخر میں یہ کہ اگر کوئی ایسی ایپ آپ کو نظر آئے جس کے اصلی ڈاؤنلوڈز کی تعداد انتہائی کم ہو یا وہ چند دن پہلے متعارف کروائی گئی ہو تو اسے ابھی ڈاؤنلوڈ نا کریں۔ بلکہ کچھ وقت انتظار کریں تا کہ صارفین کا ردعمل آ جائے۔
درجہ بالا تجاویز پر عمل کر کے آپ باآسانی جعلی ایپس کے دھوکے میں آنے سے بچ سکتے ہیں۔
Share:

No comments:

Post a Comment